ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: پولیس تھانے میں ہی خاتون نے ایک شخص کو رسید کیا تھپڑ

کاروار: پولیس تھانے میں ہی خاتون نے ایک شخص کو رسید کیا تھپڑ

Mon, 29 Mar 2021 12:51:14    S.O. News Service

کاروار، 29؍ مارچ (ایس او نیوز) کاروار میونسپالٹی میں بی جے پی کی رکن اور ایک دوسری خاتون کے بیچ رقم کے لین دین سے متعلقہ ایک معاملہ شہر کے پولیس اسٹیشن میں پہنچا جہاں پر گرما گرم بحث کے دوران مشتعل خاتون نے بی جے پی کاونسلر کی حمایت میں آئے ہوئے ایک شخص کو تھپڑ رسید کردیا۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سونارواڈا میں مقیم پریتی کوڈتلکر نے کاروار ٹاون پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرواتے ہوئے بتایا کہ سٹی میونسپل کاونسل میں بی جے پی کی کاونسلر شیلپا سبھاش نائک اور سندیپ کوچریکر نامی شخص نے  رات کے وقت اس کے گھر پر پہنچ  کر جھگڑا کیا ہے اورناشائستہ الفاظ کے ساتھ   اس کی بے عزتی  کرنے کے  علاوہ اس پر مارپیٹ کی کوشش کی  ہے۔ اس معاملے کو نپٹانے کے لئے جب پولیس والوں نے دونوں فریقوں کو پولیس اسٹیشن میں طلب کیا تو اس وقت پریتی نے مشتعل ہوکر  سندیپ کو تھپڑ رسید کردیا۔

پریتی نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ کچھ عرصہ پہلے شیلپا سے اس کا تعارف ہوا تھا  اور وہ دونوں دوست بن گئے تھے۔ اس دوران شیلپا نے پریتی سے درخواست کی کہ اسے کہیں سے ایک لاکھ روپے قرضہ دلائے یا پھر اسے مہیلا سنگھا میں  شامل کروادے۔ جبکہ شیلپا کا کہنا ہے کہ اس نے پریتی سے کوئی رقم طلب نہیں کی تھی۔ یہ اس کو بدنام کرنے کی ایک سازش ہے۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جب سنیچر کی رات کو گھر میں ہنگامہ ہونے کے بعد پریتی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروانے جارہی تھی  تو راستے میں گیتانجلی ٹاکیز کے پاس دونوں فریقوں کا آمنا سامنا ہوا اور وہاں پر زبردست تکرار کے دوران پریتی نے سندیپ کو چپل سے پیٹ ڈالا تھا۔     


Share: